ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اگلے بجٹ میں اقلیتوں کو زیادہ فنڈس فراہم کرنے کا مطالبہ، سنٹرل مسلم اسوسی ایشن (سی ایم اے) کے جنرل سکریٹری ظہیر احمد کا وزیر اعلیٰ کو مکتوب

اگلے بجٹ میں اقلیتوں کو زیادہ فنڈس فراہم کرنے کا مطالبہ، سنٹرل مسلم اسوسی ایشن (سی ایم اے) کے جنرل سکریٹری ظہیر احمد کا وزیر اعلیٰ کو مکتوب

Sun, 31 Jan 2021 11:53:40    S.O. News Service

بنگلورو، 31؍ جنوری(ایس او  نیوز)ایسے مرحلہ میں جبکہ ریاستی حکومت کی طرف سے سال 2021-22کے بجٹ کی تیاری کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔ گزشتہ سال کورونا وائر س اور دیگراسباب کے نتیجے میں جہاں تمام سرکاری محکموں کے بجٹ میں کٹوتی ہوئی وہیں اقلیتو ں کو دئیے جانے والے بجٹ میں غیر معمولی کٹوتی کی گئی، جس کے سبب پورے سال میں اقلیتوں سے جڑے بیشتر فلاحی منصوبوں پر عمل نہیں کیا جا سکا۔ اب جبکہ رواں سال گزشتہ سال کے مقابل سدھر چکا ہے، اس لئے وزیر اعلیٰ کی طرف سے جو بجٹ تیار کیا جا رہا ہے اس میں اقلیتوں کے لئے زیادہ فنڈس مہیاکروانے کے لئے شہر کے معروف مسلم ادارے سنٹرل مسلم اسوسی ایشن (سی ایم اے) نے وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا سے مطالبہ کیا ہے۔

اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری ظہیر الدین احمد نے وزیر اعلیٰ کے نام ایک مکتوب میں کہا ہے کہ ریاستی حکومت کی طرف سے اقلیتوں کے لئے نافذ متعدد فلاحی اسکیمیں، خاص طور پر طلبہ کے لئے معاون اسکالر شپس کو ختم کردیاگیا ہے۔ان میں قابل ذکر بیرون ملک میں زیر تعلیم طلبہ کا اسکالر شپ،پی ایچ ڈی طلبہ کو دی جانے والی فیلو شپ کا خاتمہ، بی ایڈ اور ڈی ایڈ کے طلباء کو ملنے والی ترغیبی رقم میں کمی، ودیا سری اسکیم میں اقلیتی طلبہ کے ساتھ ناانصافی، شادی محلوں کی تعمیر کے لئے دیا جانے والا فنڈ اور دیگر اسکیمیں شامل ہیں۔اس خط میں مانگ کی گئی ہے کہ تمام مذکورہ بالااسکیموں کو بحال کیا جائے اور اس کے فنڈ میں گزشتہ سال کورونا وائرس کی صورتحال کے سبب جو بھی کمی کی گئی تھی اس کو پورا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سال 2020-21 کے دوران اقلیتی ترقیاتی کارپوریشن کو دئیے جانے والے فنڈس میں غیر معمولی کمی لائی گئی۔اقلیتی طلبہ کو دی جانے والی رقم میں غیر معمولی کٹوتی کی گئی ہے۔ طلبہ کو دئیے جانے والے قرضہ جات روک دئیے گئے ہیں۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اقلیتوں کے فنڈ میں جو کٹوتی کی گئی ہے اس کی رواں سال بھر پائی کی جائے۔


Share: